Saturday, 04 May 2024, 06:17:20 am
ایرانی صدر کی علامہ اقبال کے مزار پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی،فاتحہ خوانی کی
April 23, 2024

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی قومی شاعر علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے مزار پرگئے۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی شاعری نے پاک ایران دوطرفہ تعلقات میں ایک پل کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کیدرمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔

ابراہیم رئیسی نے ایرانی سپریم لیڈر کی طرف سے پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دورے کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ وہ اپنے گھر میں ہیں۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف کو سراہا۔

تاریخی بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے پاک ایران دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے علاوہ غزہ کے مسلمانوں کے لئے دعا کی۔

بعد میں ایرانی صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے علامہ اقبال کی ادبی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر انہیں لاہور بالخصوص اندرون شہر میں تاریخی مقامات کی تزئین اور بحالی کے کام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔