Saturday, 04 May 2024, 02:52:41 am
رواں مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر نو سے دس ارب ڈالر کے درمیان رہنے کی توقع ہے،وزیرخزانہ
April 23, 2024

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر نو سے دس ارب ڈالر کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد میں آج ساتویں اسلامک بزنس لیڈرز کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عارضی انتظام کے معاہدے کے تحت آئی ایم ایف سے ملنے والے قرضے کی آخری قسط سے زرمبادلہ کے ذخائر نو ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی صورتحال گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت بہتر ہے جب غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تین ارب چالیس کروڑ ڈالر کی سطح پر آ گئے تھے۔

وزیر خزانہ نے فصلوں کی شاندار پیداوار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا زراعت کا شعبہ پانچ فیصد کی شرح سے ترقی کررہا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور غیر ملکی خریدار بھی مارکیٹ میںسرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے مستقل بنیادوں پر معاشی واقتصادی استحکام لانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے کا نفاذ یقینی بنانے کیلئے ایک بڑے طویل مدتی پروگرام کے لئے آئی ایم ایف سے بات چیت کا آغاز کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں تیس اعشاریہ دو فیصد اضافہ ہوا۔