Saturday, 09 November 2024, 02:38:52 pm
 
ریڈیو پاکستان کا آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کے سلسلے کا آغاز
December 26, 2023

 پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے آئندہ عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں آج(منگل) سے خصوصی پروگراموں کے سلسلے کا آغاز کیا ہے۔

خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل اور شعبہ پروگرام کا مشترکہ طور پر تیار کیا گیا خصوصی پروگرام ''الیکشن سٹی اسلام آباد 2024'' اسلام آباد سے خبروں اور حالات حاضرہ چینل کے ذریعے براہ راست نشر کیا گیا۔

پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان عوام کو بروقت اور درست خبروں کی فراہمی کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے۔

گزشتہ اور آئندہ کے تمام عام انتخابات کے دوران ریڈیو پاکستان کے تاریخی کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام علاقائی اور مقامی سٹیشنز بھی نیشنل ہک اپ پروگرام نشر کریں گے اور اپنی نشریات کی منصوبہ بندی اس کے مطابق کریں گے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل الیکشنز سید ندیم حیدر نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد ایک بڑے پیمانے کی مشق ہے جس میں ملک ھبر میں تقریباً دس لاکھ الیکشن اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

ریڈیوپاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ڈی جی الیکشنز ای سی پی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو ملک کے دوردراز علاقوں تک رسائی کے باعث دیگر ذرائع ابلاغ پر برتری حاصل ہے۔

اپنے کلمات میں الیکشن کمیشن کے ترجمان ہارون شنواری نے کہا کہ رجسٹرڈ رائے دہندگان 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر اپنے ووٹ اور پولنگ سٹیشن کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان اپنے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل پر آج سے روزانہ شام چار بج کر پانچ منٹ پر الیکشن سٹی 2024ء کے نام سے انتخابی نشریات کا خصوصی پروگرام نشر کرے گا۔