اطلاعات و نشریات کے وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہاہے کہ ہوم گرائونڈ پر پاکستان کرکٹ کی واپسی سے بین الاقوامی سطح پر اس کا امیج بہتر ہوا ہے۔
راولپنڈی میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی چمپئنز کپ کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ سال چمپئنز ٹرافی کے لئے مثالی انتظامات کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا کھیل بہتر ہو رہا ہے اور طویل عرصے کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا ایک بڑا ٹورنامنٹ منعقد ہونے جا رہا ہے جو ایک سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ کرنے والی ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے میچز کے موقع پر خصوصی تفریحی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا اور انکے ذریعے پاکستانی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دیاجائیگا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ماضی میں بھارتی ٹیم سمیت تمام ٹیموں نے ہمیشہ پاکستان کی مہمان نوازی اور تماشائیوں کے رویے کو سراہا۔