پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک ا لنہیان کے درمیان گھوٹکی میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔
فریقین نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے فروغ کیلئے حکمت عملی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان کی مستقل امداد کو سراہا اور کرکٹ میں تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے اس کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
شیخ نہیان نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ادھر دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈ کے چیئرمینوں کی ملاقات کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کیلئے غیر جانبدار مقام ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عامر میر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔