Saturday, 27 July 2024, 08:01:23 am
وزیراطلاعات کا کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ
November 29, 2023

اطلاعات و نشریات کے وزیر مرتضیٰ سولنگی نے بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموںوکشمیر کے مظلوم لوگوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کیلئے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں کشمیر کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی طاقت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کو نہیں دبا سکتی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو عالمی فورموں پر موثر انداز میں اجاگر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت تمام معتبر ادارے بھارت خصوصاً مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پیش کر رہے ہیں۔

بھارت کو اپنی اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک پر نام نہاد جمہوریت قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیری منی پور اور گجرات میں رہنے والی اقلیتوں کو سخت مظالم اور ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت ذرائع ابلاغ کے برعکس، پاکستانی میڈیا محض پروپیگنڈے کو فروغ دینے کی بجائے اس حوالے سے ٹھوس حقائق پیش کرے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ہمیں اس قسم کی سنسرشپ کی بھی ضرورت نہیں جس طرح کی ریڈیوپاکستان کے اکاؤنٹس سمیت پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر کے عائد کر رکھی ہے