Friday, 03 January 2025, 04:40:07 am
 
وزیراعظم اورامیر قطرکا دوحہ میں قطر میوزیم کا دورہ
October 31, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ہمراہ آج(جمعرات کو ) دوحہ میں قطر میوزیم کی منظر آرٹ گیلری کا دورہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف اور امیر قطر نے اعلیٰ سطح کے وفود اور دوطرفہ ملاقاتوں کے بعد دیوان امیری سے ایک ہی گاڑی پر قطر میوزیم گئے۔

امیر قطر نے پاکستانی فن پاروں کی نمائش منظر کے لئے وزیراعظم شہبازشریف کی خود رہنمائی کی۔

دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان گرم جوشی اور دوستانہ ماحول دیکھا گیا۔

قطر کے امیر اور ان کی بہن شیخہ المیاسہ بنت حمد بن خلیفہ الثانی جو قطر میوزیم کی چیئرپرسن ہیں نے وزیراعظم کو نمائش میں رکھے گئے فن پارے دکھائے اور منتظمین اور پاکستانی فنکاروں سے انکا تعارف کرایا۔

وزیراعظم نے منظر آرٹ گیلری کے انعقاد اور پاکستانی فنکاروں کو سراہنے پر امیر قطر اور ان کی بہن کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نمائش پاکستانی قوم کیلئے باعث فخر ہے۔

قطر میوزیم میں منظر آرٹ گیلری، پاکستانی فن پاروں کی نمائش، قطر اور پاکستان کے درمیان مضبوط سماجی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے معروف پاکستانی ماہر تعمیرات نیئر علی دادا پاکستانی مصوروں، فوٹوگرافروں، خطاطوں اور دیگر فنکاروں سے ملاقات کی۔

نمائش میں 1940 سے اب تک پاکستانی پینٹرز، فوٹوگرافی، مجسمے اور دیگر فن پارے شامل ہیں۔

شاکر علی صادقین، گلگی، زبیدہ آغا، کامل خان، ممتاز، نیئر علی دادا اور بہت سے دوسرے پاکستانی فنکاروں کے فن پارے نمائش کیلئے پیش کئے گئے ہیں۔