Wednesday, 02 September 2026, 10:08:29 am
 
این ڈی ایم اے کا گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا انتباہ
September 01, 2026

فائل فوٹو

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے لیے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث ممکنہ سیلاب کا انتباہ جاری کیا ہے۔

جاری مون سون بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث تیزی سے پگھلتے گلیشئرز کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گلیشیئر سے آنے والے دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر خطرناک علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور اچانک پانی کی سطح بڑھنے، پانی میں غیر معمولی مٹی کے رنگ یا گلیشیئرز کے قریب غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

عوام نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے، مقامی انتظامیہ کو بروقت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے اور شہریوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل “ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے” سے بروقت معلومات حاصل کریں اور کسی بھی ممکنہ سیلابی صورتحال میں مدد کے لیے 911 پر رابطہ کریں۔