Thursday, 03 September 2026, 01:42:21 pm
 
احسن اقبال نے بلوچستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا
September 03, 2026

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کچی کینال فیز ٹو کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کی اراضی کے معاملے ، علامہ اقبال یادگار اور اقبال لائبریری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں لورا لائی اور ژوب کو ملانے والی 35 کلو میٹر طویل شاہراہ کے منصوبے کی تکمیل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کچی کینال منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ منصوبے میں تعمیراتی معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت بلوچستان کو تمام دستیاب آپشنز پر اعتماد میں لیا جائے۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو تمام منصوبوں پر پیشرفت تیز کرنے اور وزیراعظم کی ہدایات پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔