Sunday, 06 September 2026, 03:00:32 pm
 

مزید خبریں

 
آئی ایم ڈی سی نے اپنے پہلے کلینیکل اے آئی ہیلتھ کیئر سرٹیفکیٹ پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کرلی
September 05, 2026

اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (آئی ایم ڈی سی) نے پاکستان میں صحت کی تعلیم کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے ہم آہنگ کرنے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپنے پہلے کلینیکل اے آئی ہیلتھ کیئر سرٹیفکیٹ پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کرلی ہے۔

اس اقدام کو پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے سراہتے ہوئے تیزی سے بدلتے طبی منظرنامے کے لیے صحت کے شعبے کے پیشہ ور افراد کو تیار کرنے کی جانب اہم کاوش قرار دیا ہے۔

یہ چار ہفتوں پر مشتمل 10 کریڈٹ آورز کا پروگرام شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں 24 میڈیکل و ڈینٹل طلبہ اور صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد نے صحت میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عملی استعمال کی تربیت حاصل کی۔

پروگرام کی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج تھے جنہوں نے آئی ایم ڈی سی کے اقدام اور جدت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ طبی تعلیم کو پیشے اور صحت کے نظام کی بدلتی ضروریات کے مطابق مسلسل آگے بڑھانا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر پی ایم ڈی سی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے کالج کی جدید کمپیوٹر لیبارٹری کا بھی دورہ کیا، جہاں کلینیکل اے آئی کی عملی تربیت کے لیے خصوصی سہولیات قائم کی گئی ہیں۔