Sunday, 06 September 2026, 03:00:14 pm
 

مزید خبریں

 
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی تلاشی کارروائیاں تیز
September 05, 2026

بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے کے متعدد اضلاع میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے کارروائیوں کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ضلع بڈگام میں یوسمرگ اور پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ اب تک ان فوجی کارروائیوں کے دوران ایک نوجوان شہید ہو چکا ہے۔

بھارتی فورسز نے ضلع سانبہ کے متعدد علاقوں میں تلاشی اور علاقے پر کنٹرول کی مشترکہ کارروائی بھی کی۔

یہ کارروائی ریگل گاؤں سے شروع ہوئی اور بعدازاں اسے چلیرین، نڈالا اور پلورا تک توسیع دے دی گئی، جہاں فوجیوں نے تلاشی لی اور راستوں پر اپنی موجودگی برقرار رکھی۔

اس کارروائی کے دوران بھارتی پولیس اور بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں پر مشتمل خصوصی مشترکہ ٹیم کو ایک اہم سٹرٹیجک مقام پر تعینات کیا گیا۔

ادھر بھارتی قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کپواڑہ اور راجوری اضلاع میں لوگوں نے شدید احتجاج کیا۔

ہندواڑہ میں کپواڑہ کے علاقے وڈی پورہ کے رہائشیوں نے پینے کے پانی کی فراہمی میں قابض حکام کی ناکامی کے خلاف ہندواڑہ راجوار روڈ کو بلاک کرکے احتجاج کیا۔

انہوں نے قابض حکام کے خلاف نعرے لگائے۔

راجوری کے علاقے تھنہ منڈی میں مقامی ہسپتال میں صحت کی مناسب سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے شہدا اور ہیروز کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اور محب وطن عوام نے اپنے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

حریت ترجمان نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہے اور انیس سو پینسٹھ کی جنگ کے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔