یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
شمالی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں یادگارِ شہدا پر پرچم کشائی کی گئی، جبکہ جی او سی میران شاہ، جی او سی کوہاٹ اور جی او سی ڈی آئی خان نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔
تقریبات میں اعلی عسکری و سول حکام، پولیس افسران اور شہدا کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
خیبر پختونخوا کے مختلف اسکولوں میں بھی پرچم کشائی اور خصوصی اسمبلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مقامی کمانڈرز نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقامی کمانڈرز اور عمائدین نے شہدا کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے پرجوش ریلیاں بھی نکالی گئیں، جن میں شرکا نے قومی پرچم تھامے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے۔
پشاور گیریژن کے کرنل شیر خان شہید سٹیڈیم میں پاک فوج کے زیرِ اہتمام خصوصی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا، جہاں شہریوں، نوجوانوں اور بچوں نے پاک فوج کے مختلف شعبوں کے اسٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
تقریبات اور نمائش میں عوام کی بھرپور شرکت پاک فوج اور شہدا کے ساتھ ان کی محبت، عقیدت اور وابستگی کی عکاس ہے۔