Monday, 14 September 2026, 10:18:50 pm
 
ای سی سی کی وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کیلئے 75 ارب روپے کی منظوری
September 14, 2026

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے لیے پچھتر ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔

کمیٹی نے یہ منظوری آج اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت اجلاس میں دی۔

اس اسکیم کے تحت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کم آمدن والے طبقات کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اسکیم کے تحت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو ہفتہ وار پانچ سو روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جو ایک سو روپے فی لیٹر کے حساب سے پانچ لیٹر کے برابر ہے، جبکہ آٹھ سو سی سی تک کی گاڑیوں کو دس دن کے لیے ایک ہزار روپے کا ریلیف دیا جائے گا، جو ایک سو روپے فی لیٹر کے حساب سے ماہانہ تیس لیٹر کی بنیاد پر ہوگا۔

اسکیم صرف غیر تجارتی صارفین تک محدود ہوگی اور ہر صارف یا مالک کو صرف ایک گاڑی کے لیے ریلیف دیا جائے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دو لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کی اجازت سے متعلق سمری کا جائزہ لیا۔

کمیٹی نے آئندہ سال ستمبر میں اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل کے سربراہ اجلاس کے دوران استعمال کے لیے پندرہ بلٹ پروف Sedan گاڑیوں کی خریداری کے لیے تین ارب روپے فراہم کرنے سے متعلق سمری پر بھی غور کیا۔ ان گاڑیوں کو ریاستی سربراہان کی فول پروف سکیورٹی کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے۔