Wednesday, 02 April 2025, 09:02:28 pm
 
وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں کوعید کی مبارکباد
April 01, 2025

وزیر اعظم محمدشہبازشریف نے قازقستان کے صدر قاسم JOMART TOKAYEVکو ٹیلی فون کیا۔

دونوں رہنماؤں نے زراعت، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے پر بات چیت کی۔انہوں نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان روابط میں اضافے پر اطمینان کااظہار کیا۔

دریں اثنا ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور ہمسایہ ممالک ہونے کی حیثیت سے وہ باہمی تجارت میں اضافے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی نگرانی جیسے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس سے پہلے وزیراعظم شہبازشریف نے بنگلہ دیش' ملائشیا' میانمار' ترکمانستان' بحرین اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں عید کی مبارکباد دی اور ان ملکوں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کومزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

بنگلہ دیش کی حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان بالخصوص تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کااعادہ کیا۔

 دریں اثنا وزیراعظم  نے ملائشیا کے اپنے ہم منصب DATO ANWAR IBRAHIM سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دریں اثنا وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے میانمار کے اپنے ہم منصب جنرل من آنگ ہلینگ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور جمعہ کو آنے والے زلزلے سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے میانمار کے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایت پر پاکستان کا ہنگامی امدادی ادارہ زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے تقریباً سترٹن امدادی سامان میانمار روانہ کرے گا جو اگلے اڑتالیس گھنٹے میں پہنچ جائے گا۔

دریں اثنا ترکمانستان کے صدر SERDAR BERDI MUHAMEDOV سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

دریں اثنا بحرین  کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے بحرین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں قریبی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

 دریں اثنا وزیراعظم محمد شہبازشریف نے عید الفطر کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے خوشگوار اور دوستانہ ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور برادرعوام کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی مسلسل خوشحالی، امن اور ترقی کیلئے دعا کی۔

شہباز شریف نے گزشتہ ماہ ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات کا بھی ذکر کیا اور پاکستان اور متحدہ امارات کے درمیان موجودہ تعلقات کو باہمی مفید اقتصادی شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کیلئے متحدہ عرب امارات کی دیرینہ اور مستقل حمایت کی تعریف کی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے وزیراعظم کو عید کی مبارکباد دی اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے اقتصادی ترقیاتی اقدامات کیلئے متحدہ عرب امارات کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور مختلف شعبوں میں مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔