Thursday, 03 April 2025, 07:21:34 am
 
پاکستان، بوسنیا اور ہرزیگوینا باقاعدہ بات چیت جاری رکھنے پر متفق
April 01, 2025

File Photo

وزیر اعظم نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے رکن صدر ڈاکٹر ڈینس بیکیرووچ کو عید الفطر پر مبارک باد دی۔

عیدالفطر کے موقع پر وزیراعظم نے بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے رکن ایوان صدر ڈاکٹر ڈینس بیکیرووچ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

شہباز شریف نے انہیں اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کے عوام کو دلی مبارکباد دی اور ان کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ بوسنیا کے رہنما نے بھی وزیر اعظم پاکستان اور پاکستان کے عوام کو عید کی مبارک باد دی۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم پاکستان نے بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ اپنے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تجارت، ثقافت اور عوام کے درمیان تبادلے کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سلسلے میں دونوں رہنماؤں نے ممالک کے درمیان باقاعدہ بات چیت اور تعاون کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بوسنیا ہرزگووینا کو مسلسل اور مستحکم حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے بوسنیائی ممبر آف پریزیڈنسی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ دعوت قبول کرتے ہوئے بوسنیا کے رہنما نے وزیراعظم کو بھی بوسنیا کے دورے کی دعوت دی۔