Wednesday, 02 April 2025, 11:10:09 pm
 
وزیر اعظم کا میانمار میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر اظہار تعزیت
March 31, 2025

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج میانمار کے اپنے ہم منصب سینئر جنرل من آنگ ہلینگ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور زلزلے سے قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے میانمار کے وزیر اعظم کوجو سٹیٹ ایڈمنسٹریشن کونسل کے چیئرمین بھی ہیں' یقین دلایا کہ پاکستان زلزلے سے متاثرہ افراد کے مصائب اور تکالیف کم کرنے کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے میانمار کے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایت پر ہنگامی امدادی ادارہ تقریباً سترٹن امدادی سامان میانمار روانہ کرے گا، جو دو کھیپ کی صورت میں اگلے اڑتالیس گھنٹے میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے پہنچ جائے گی۔شہباز شریف نے میانمار کے عوام کی بہادری اور استقامت کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد اس قدرتی آفت سے ہونے والے نقصانات پر قابو پالیں گے۔میانمار کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے جذبہ خیر سگالی کو سراہا اور مشکل کی اس گھڑی میں میانمار کے عوام سے اظہار یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔میانمار میں گزشتہ جمعے کو شدید زلزلے سے سترہ سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔