Thursday, 31 October 2024, 01:07:00 am
 
بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کی کارروائیاں، گزشتہ ماہ 216کشمیری شہید
August 01, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج نے ریاستی دہشت گردی کی مسلسل کارروائیوں میں گزشتہ ماہ بیس کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میںکہا گیا کہ ان میں سے چھ افراد کو جعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیا گیا۔

بھارتی فورسز نے ظالمانہ قوانین کے تحت دوسو سولہ کشمیریوںکو گرفتار کیا جن میں کئی حریت رہنما، کارکنان اور وکلا شامل ہیں۔

ادھر حریت رہنماؤں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بھارتی فیصلے کے پانچ سال مکمل ہونے پر پانچ اگست کو یوم استحصال کے طور پر منائیں۔

رہنماؤں نے اس اقدام کو کشمیریوں کی شناخت اور علاقائی سا لمیت پر سنگین وار قرار دیا جس کا مقصد خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا اور لوگوں کو وسائل، روزگار، شناخت اور حق خودارادیت سے محروم کرنا ہے۔

رہنماؤں نے کشمیر مخالف قوانین تھوپنے سمیت بھارتی حکومت کی استعماری پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے۔

امریکی اور کینیڈین ذرائع ابلاغ کی تازہ ترین رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا کے حکام نے ایک اور سکھ رہنما کے قتل کی سازش ناکام بناتے ہوئے اونٹاریو کے شہر برامپٹن میں ایک خالصتان نواز سکھ کارکن کے بیٹے کی شادی سے ایک روز قبل پانچ افراد کو آتشیں اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔