Tuesday, 22 October 2024, 06:47:47 am
 
حریت کانفرنس کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ
October 21, 2024

غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد میں ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

آج ایک بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو دنیا میں پائیدار امن یقینی بنانے کے لیے ان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کا شکار ہیں جس کی وجہ سے یہ علاقہ ایک فوجی چھائونی میں تبدیل ہو چکا ہے۔ادھر بھارتی فوجیوں نے ضلع گاندربل میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی ہیں اور درجنوں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ضلع میں نامعلوم مسلح افراد کے ایک حملے میں ایک ڈاکٹر سمیت سات افرادجاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمائوں میر واعظ عمر فاروق، پروفیسر عبدالغنی بٹ، مولانا مسرور عباس انصاری اور دیگر نے سرینگر میں اپنے بیانات میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ہلاکتوں سمیت ہر قسم کے تشدد کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ مظالم تنازعہ کشمیر حل نہ ہونے کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعے کے فوری حل پر زور دیا۔ادھر بی جے پی کے زیر اقتداربھارتی ریاست راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی نے امتیازی پالیسیوں کیخلاف آواز اٹھانے پر 35کشمیری طلبا کو یونیورسٹی سے نکال دیا ہے۔