Sunday, 06 October 2024, 11:32:24 am
 
سرینگر،ہندو طالبعلم کی گستاخانہ پوسٹ کیخلاف مکمل ہڑتال
December 01, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر کے ایک انسٹی ٹیوٹ میں زیر تعلیم بھارت کے ایک ہندو طالبعلم کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے بارے میں گستاخانہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی گئی۔

ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی جس کی دیگرحریت پسند تنظیموں نے حمایت کی تھی۔

ہڑتال کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی گرفتاریوں، 7طلباپر کالے قوانین کے تحت مقدمات کے اندراج ، سرکاری ملازمین کی برطرفی اور جدوجہد آزادی سے وابستگی کی وجہ سے کشمیریوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کے خلاف احتجاج کرنا بھی تھا۔

سرینگرسمیت مقبوضہ کشمیر کے دیگر بڑے شہروں اور قصبوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے۔ بھارتی پولیس نے آج مسلسل 8ویں ہفتے بھی جامع مسجد سرینگر کومقفل رکھا اور اس خوف کے پیش نظر لوگوں کونماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی کہ کہیں جامع مسجد میں نماز جمعہ کا اجتماع بھارت اور اسرائیل مخالف مظاہرے میں تبدیل نہ ہو جائے ۔ قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق اور معروف عالم دین آغا سید محمد ہادی الموسوی کو بھی گھروں میں نظر رکھا۔ادھرکشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کئے گئے اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ماہ نومبر میں 15کشمیریوں کو شہید کیا۔ ان شہادتوں سے 3خواتین بیوہ اور 17بچے یتیم ہو ئے۔