پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہسپتالوں، طبی عملے، مریضوں اور زخمیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے اور صحت کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور دیگر جنگی
جرائم کی آزاد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہی جو محصورغزہ میں ہسپتالوں کی خراب صورتحال کے بارے میں منعقد ہوا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہسپتالوں، طبی عملے، مریضو ںاور زخمیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا
بین الاقوامی انسانی قانون کے ہراصول کے منافی ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کی ناصرف مذمت کرنی چاہئے بلکہ اس کا احتساب بھی ہونا چاہئے۔
سفیر نے غزہ میں خونریزی اور تباہی کو روکنے کیلئے فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کیلئے فیصلہ کن اقدام کرنے اور محصور علاقے میں خوراک، طبی سامان، انسانی امداد کی مفت فراہمی یقینی بنانے کیلئے غزہ کی ناکہ بندی ختم کرنے پر زور دیا۔