بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں سنگین صورتحال کو بے نقاب کرنے کیلئے انفارمیشن سروس اکیڈمی اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آج ڈیجیٹل تصویری اور پینٹنگ نمائش کا افتتاح کیا گیا۔نمائش میں فن پاروں، پروموز اور ڈاکیومنٹریز کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا جبکہ دوسری جانب یہ آزادی کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کا مظہر تھی۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور امن و ثقافت تنظیم کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے نمائش کا افتتاح کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نمائش کشمیری عوام کے درد اور دکھ کو ظاہر کرتی ہے اور دنیا کو یاد دلاتی ہے کہ کشمیری آزادی کے اپنے مطالبے کیلئے پُرعزم ہیں۔