این ڈی ایم اے کی جانب سے قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قبل از وقت تیاری اور اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے قومی سطح کی دو روزہ فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ فرضی مشقیں کل تک نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں جاری رہیں گی۔
فرضی مشقوں کا مقصد موسم بہار اور ابتدائی موسم سرما کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے مشقوں کے افتتاحی سیشن کا آغاز کیا۔
مشقوں کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کے جائزہ کے لیے موقع فراہم کیا گیا۔ آفات سے نمٹنے اور خطرے سے دوچار علاقوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے علاوہ بین الاقوا می اداروں کے ساتھ معاونتی دائرہ کار میں اضافے کے لیے بھی یہ مشقیں اہم کردار ادا کریں گی۔قدرتی آفا ت سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے مابین موثر رابطے اور معاونت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔مشقوں کے دوران شرکاء کی جانب سے علاقائی اور قومی سطح کی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنی حکمت عملی اور منصوبوں کو عمل میں لایا گیا۔