Wednesday, 05 February 2025, 10:58:33 pm
 
وزیراعظم کا بھارت پر تنازعہ کشمیر کے حل کیلئےبامقصد مذاکرات پر زور
February 05, 2025

 وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی غیرمتزلزل اور مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے بدھ کے روز مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے  آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دینے پر کشمیر کے شہدا اور حریت رہنمائوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی قوم قائداعظم نے پہلے ہی کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا اور نہ ہی خاموش تماشائی بنا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذ، کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل، حریت رہنمائوں کو نظر بند اور غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کر نے کا سلسلہ بند کرے۔

وزیراعظم نے خبردار کیا کہ ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن حل کی طرف آئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی برادری، امن اور انصاف پسند اقوام اور تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر دبا ڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم آزاد جموں و کشمیر کی تیز رفتار ترقی اور ریاست کے عوام کو سفری، صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں دانش سکول کھولنے کا بھی اعلان کیا۔