Wednesday, 05 February 2025, 11:06:11 pm
 
پاکستان،چین کے مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
February 05, 2025

پاکستان اور چین نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافے کیلئے کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیئے ہیں۔

دستخط کرنے کی تقریب  بدھ کے روز بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ہوئی ۔

مفاہمت کی یادداشتوں میں سائنس وٹیکنالوجی ، صنعت وتجارت ، معیشت ، میڈیا اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرزوردیا گیا۔

صدرآصف علی زرداری اور چین کے صدر شی چن پنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے قبل صدر آصف علی زرداری بیجنگ میں چین کے عظیم عوامی ہال پہنچنے  جہاں چینی صدر  شی چن پنگ نے ان کا گرم جوشی سے استقبال کیا۔

چینی مسلح افواج کے ایک چاق وچوبند دستے نے صدر پاکستان کو گارڈ آف آنرپیش کیا ۔

صدر آصف علی زرداری نے چین کے ساتھ ہر وقت کی تذویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان منفرد، آزمودہ اور خصوصی تعلقات کا ذکر کیا۔

انہوں نے چین کی مثالی ترقی اور خوشحالی کی تعریف کرتے ہوئے اسے چینی قیادت کے وژن اور چینی عوام کے ولولے کا مظہر قرار دیا۔

پاکستانی صدر نے ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کے تحت عالمی ترقی میں چین کی نمایاں خدمات پر صدر شی چن پنگ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو مشترکہ تعاون کے ایک خطہ ایک شاہراہ کے دوراندیش نظریے کی درخشاں مثال نہ قرار دیا۔

فریقین نے پاک۔ چین اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کی اعلی معیار کی ترقی اور علاقائی رابطہ کاری، مشترکہ مفادات دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے عام آدمی کی خوشحالی کے فروغ میں اس کے اہم کردار پر گفتگو کی۔

انہوں نے نئے دور میں چین۔ پاکستان معاشرے کے مشترکہ مستقبل کو مستحکم کرنے کیلئے عوامی سطح پر رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

آصف علی زرداری نے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے زور دیا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت انہیں ایک عظیم لیڈر اور خصوصی دوست کی حیثیت دیتے ہیں۔

ملاقات کے موقع پر مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب ہوئی جہاں دونوں رہنمائوں کی موجودگی میں سائنس، ٹیکنالوجی، میڈیا، ماحول دوست توانائی اور سماجی اور معاشی ترقی میں تعاون بڑھانے سمیت مختلف معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

اس سے قبل صدر آصف علی زرداری کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

بچوں کے ایک گروپ نے بھی انہیں گرمجوشی سے خوش آمدید کیا اور صدر کا والہانہ استقبال کیا۔

تقریب کے بعد صدر شی چن پنگ کی جانب سے صدر آصف علی زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں سرکای ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔