وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو سماجی و معاشی طورپربااختیار بنانا اور انہیںباوقار ملازمتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سوات کے علاقے مالم جبہ میں نوجوانوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے نوجوانوں کی ہنرمندی کے پروگرام سے نوجوانوں کے لئے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔رانا مشہود نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت 36ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے جس میں ان کی پیشہ ورانہ، آئی ٹی اور فنی تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی پروگرام سے پاکستان کے تمام صوبوں کے طلبا کو بڑی حد تک سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضروری تعلیم اور آئی ٹی کی تربیت کے بعد ان نوجوانوں کو باوقار ملازمتوں کے لئے بیرون ملک بھیجا جائے گا۔رانا مشہود نے کہا کہ اگلے تین ماہ کے دوران تمام اضلاع میں نوجوان کے لئے سہولت مراکز قائم کئے جائیں گے اور استفادہ کرنے والاہرنوجوان اپنے آبائی علاقوں میں چھ ماہ کا آئی ٹی کورس پاس کرنے کے بعد تقریبا ًایک لاکھ روپے ماہانہ کماسکے گا۔انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان بڑی حد تک پاکستان کے نوجوانوں اور معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگارثابت ہوگا۔