Sunday, 19 May 2024, 08:37:42 pm
عالمی بینک پاکستان کو ترقیاتی اہداف میں مدد کیلئے تکنیکی و مالیاتی تعاون کی فراہمی پر آمادہ
May 07, 2024

عالمی بینک نے پاکستان کواپنے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد دینے کے لئے تکنیکی معاونت اورمالیاتی تعاون کی فراہمی پرآمادگی ظاہر کی ہے۔ان خیالات کااظہارجنوبی ایشیا ء کے لئے عالمی بینک کے نائب صدرمارٹن ریزرنے اسلام آباد میں وفاقی وزیرخزانہ محمداورنگزیب کے ساتھ ملاقات میں کیا۔وزیرخزانہ نے مارٹن ریزر کو ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اورمعاشی استحکام کے لئے حکومتی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیرخزانہ نے انہیں مجموعی ملکی پیداوارمیں ٹیکسوں کے تناسب میںاضافے، توانائی کے شعبے میں لاگت میں کمی لانے ،خسارے میں چلنے والے سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت حکومت کے ترجیحی اصلاحات کے شعبوں سے آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے عالمی بینک کے نائب صدرسے حکومت کے ترجیحی اصلاحات کے شعبوں میں شراکت داری کی درخواست کی۔مارٹن ریزرنے کہاکہ عالمی بینک حکومت کواپنے اصلاحاتی ایجنڈے پرعملدرآمد کے لئے ضروری معاونت فراہم کرے گا۔