Sunday, 19 May 2024, 09:36:05 pm
دہشتگردوں کے مکمل خاتمے اورعوام کاتحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر
May 07, 2024

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گرد گروپوں کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

آج (منگل)راولپنڈی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشام میں چینی انجینئرز کے قتل کا منصوبہ ہمسایہ ملک افغانستان میں بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس گھناونے واقعے میں ملوث خودکش بمبار افغان باشندہ تھا اور خودکش حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی افغانستان میں تیار کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ چار دیگر مرکزی ملزمان کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے گرفتار کرلیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں 29 ہزار چینی باشندے موجود ہیں۔ ان میں سے پچیس سو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں سے منسلک ہیں اور پانچ ہزار پانچ سو دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

احمد شریف چوہدری نے کہا کہ تمام چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ترجیح ہے اور اس حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈی جی نے کہا کہ چینی انجینئرز پر حملے کا مقصد پاک چین دوستی کوسبوتاژ کرنا اور سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچانا تھا۔

احمد شریف چوہدری انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف خفیہ اطلاعات پر تیرہ ہزار سے زیادہ کارروائیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ایک سو کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

مشرقی سرحد کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت بھارت میں کی جا رہی منصوبہ بندی سے مکمل آگاہ ہے جو وہ اپنے اندرونی خلفشار سے توجہ ہٹانے کے لئے کر رہا ہے۔

بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاک فوج نے اس کا مناسب انداز میں جواب دیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا ہی کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہے اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت بیرون ملک سکھوں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر بھی لوگوں کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے مخصوص جماعت کی جانب سے پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

آئی ایس پی آر کے چیف نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کے نام پر پاکستان کی سالمیت، سلامتی اور دفاع کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پولنگ کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے سوا مسلح افواج کا حالیہ انتخابات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ایس آئی ایف سی میں مسلح افواج کے کردار سے متعلق میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ وہ صرف ملکی معیشت کو ترقی دینے کیلئے کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میجر جنرل نے کہا کہ پاکستان سیاسی فائدے کیلئے تجارت کو استعمال نہیں کرتا۔

سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے حوالے سے احمد شریف چوہدری نے کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ کچھ سیاسی عناصر دوست ملکوں کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانے میں عار محسوس نہیں کرتے۔