Sunday, 19 May 2024, 08:22:08 pm
پاکستان پرسرمایہ کاروں کے اعتمادمیں اضافہ ہورہا ہے،وزیرخزانہ
May 07, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی استحکام کی راہ پر گامزن ہے اور ملک پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ آج (منگل)اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔

اُنہوں نے کہا کہ سعودی وفد نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک درست سمت میں رواں دواں ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں ماہ آئی ایم ایف کی ٹیم کا دورہ پاکستان متوقع ہے جس کے دوران بڑے اور طویل مدتی منصوبے زیرِ بحث آئیں گے۔

وزیر خزانہ نے مجموعی ملکی پیداوار کے تناسب سے ٹیکس کی شرح تیرہ سے چودہ فیصد تک بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جائیں گی اور قومی اداروں کے نقصانات کم کئے جائیں گے۔

محمد اورنگزیب نے اخراجات میں کمی کی ضرورت پربھی زور دیا۔

پنشن کے اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وقت کے ساتھ سروس سٹرکچر میں تبدیلی لائی جائے گی تاکہ پنشن کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ پنشن اصلاحات بلا امتیاز ہوں گی اور اس حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا ان اصلاحات کے حوالے سے وزیر خزانہ کی قیادت میں ایک کمیٹی کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ پنشن اصلاحات کیلئے قانون سازی کی بھی ضرورت ہو گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ملازمت کی مدت کے حوالے سے معاملات زیرِ بحث ہیں اور اسے تمام اداروں پر یکساں لاگو کرنے کی بھی تجویز ہے۔