سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ملک میں سیاسی عدم استحکام کو ہوا دینے پر تلی ہوئی ہے اور وہ پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے ۔
بدھ کی شام اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف گزشتہ برس چھبیس نومبر کے احتجاج کے بارے میں جھوٹا بیانیہ پھیلارہی ہے انہوں نے کہاکہ اب تک اس سلسلے میں ایک بھی شکایت درج نہیں ہوئی اور وہ سوشل میڈیا پر صرف جھوٹے دعوے کررہی ہے ۔
رانا ثنا اﷲ نے کہاکہ یہ جماعت آپس کی لڑائیوں کے باعث اپنی ساکھ کھوچکی ہے اور وہ اپنے مفاد کیلئے کسی بھی سطح پر جاسکتی ہے ۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو دی گئی کسی بھی پیشکش کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کردیا ۔