Wednesday, 12 March 2025, 10:47:22 am
 
فروری میں 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول، وزیر خزانہ
March 11, 2025

خزانے اور محاصل کے وزیرمحمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو پچھلے مہینے بیرون ملک سے ترسیلات زر کی صورت میں تین ارب دس کروڑ ڈالر کی ریکارڈ رقم موصول ہوئی ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کے ساتھ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں رقوم بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پاکستان کو رواں سال چھتیس ارب ڈالر کی رقم موصول ہوگی جو گزشتہ تمام برسوں سے زیادہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں باون ہزار نئے سرمایہ کار شامل ہوئے ہیں۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ایک سال کے دوران سرکاری شعبے میں سات ابتدائی بولیاں لگائی گئی ہیں جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے چینی کی پیدوار کی نگرانی کا ایک بہتر اور خودکار نظام شروع کیا ہے تاکہ چینی کے کارخانوں میں پیداوار کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔

اِس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ معاشی اشاریوں میں مثبت رجحان ہے اور ملکی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام دوست ممالک پاکستان کی معاشی ترقی کے معترف ہیں۔

وزیر اطلاعات نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات ِ زر بھیجوانے سے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ چینی کی پیداوار کے حوالے سے حکومت کے اقدامات بے مثال ہیں۔

انہوں نے کیا کہ موجودہ حکومت کے ایک سال میں سیلز ٹیکس کی وصولی 15 ارب سے بڑھ کر 24 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔