صدرآصف علی زرداری اوروزیراعظم محمدشہبازشریف نے بلوچستان میں بولان پاس کے علاقے Dhadar میں جعفرایکسپریس پربزدلانہ دہشتگردحملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں سیکیورٹی فورسز کی بہادری اورپیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔صدرنے کہاکہ بیگناہ شہریوں اورمسافروں پرحملے غیرانسانی فعل ہیں اوردہشتگردی کے گھنائونے واقعات میں ملوث عناصربلوچستان اوراس کی روایات کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلوچ عوام نے ملک دشمن عناصر کومسترد کردیاہے جنہوں نے حملے میں بیگناہ شہریوں ،بزرگوں اوربچوں کویرغمال بنایا۔صدرنے کہاکہ کوئی بھی مہذب معاشرہ اس طرح کے مکروہ فعل کی اجازت نہیں دیتا۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہاکہ دشوارگزارپہاڑی علاقے کے باوجود دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے والے افسروں اور اہلکاروں کا حوصلہ بلندہے۔شہبازشریف نے کہاکہ اس طرح کے حملے کرنے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جو بلوچستان کی ترقی کے مخالف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں بیگناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کا یہ گھنائونافعل اس بات کاواضح ثبوت ہے کہ ان کااسلام یا پاکستان اوربلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔وزیراعظم نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے پختہ قومی عزم کااعادہ کیا۔