وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی یورپی یونین کے ساتھ شراکت داری کو خصوصاً جی ایس پی پلس سکیم کے تسلسل کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر RIINA KIONKA سے جمعہ کے روز اسلام آباد میں خیر سگالی ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جی ایس پی پلس اسکیم پر عملدرآمد اب تک فریقین کے لئے فائدہ مند رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں ۔ انہوں نے ان تعلقات میں مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مئی میں اسلام آباد میں ہونے والے پہلے پاکستان-یورپی یونین کے اعلیٰ سطح کے بزنس فورم کے انعقاد کا خیرمقدم کیا انہوں نے یورپی یونین کے سفیر کو اس فورم کو کامیاب بنانے میں پاکستان کے مکمل تعاون اور سہولت کا یقین دلایا۔
شہباز شریف نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر دہشت گردی کے حالیہ حملے پر اظہار تعزیت کرنے پر یورپی یونین کے سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
یورپی یونین کی سفیر نے وزیر اعظم کو یورپی یونین کے وفود کے پاکستان کے حالیہ اور آئندہ دوروں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔