قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں آبادی کے انتظام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی
قائم مقام صدر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے خصوصاً صوبوں کے تعاون سے آبادی کے قومی ایکشن پلان پر کامیابی سے عمل درآمد کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات تک لوگوں کی رسائی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آبادی سے متعلق قومی لائحہ عمل دوہزار انیس سے دو ہزار چوبیس تک نافذ کیا گیا اوررواں سال سے دوہزار تیس تک آبادی کے حوالے سے صوبوں کی مشاورت سے نظرثانی شدہ قومی لائحہ عمل بنایا گیا ہے۔