وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تمام متعلقہ اداروں کو انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کیلئے فعال کردارادا کرنے اوراس گھناؤنے جرم کے ذریعے ملک کا نام بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وہ آج(بدھ کو) اسلام آباد میں انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔
وزیراعظم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے میں افرادی قوت کی کمی کا مسئلہ حل کرنے اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کی ہوائی اڈوں پرموثر سکرنینگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے وزارت اطلاعات ونشریات کوہدایت کی کہ وہ غیرقانونی طورپر بیرون ملک سفر کرنے والوں اور انسانی سمگلنگ کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے ۔
انہوں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث انتہائی مطلوب مجرموں کی حوالگی کیلئے انٹرپول سے مدد لینے پر بھی زوردیا ۔
بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو بتایاگیا کہ جون 2023 سے دسمبر 2024 تک متعدد انسانی سمگلرگرفتار کئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ متعدد سرکاری عہدیداروں کو مجرموں کو ہدایت فراہم کرنے پر برطرف کردیاگیا جبکہ دوسرے کئی عہدیداروں کو انضباطی کارروائی کا سامنا ہے ۔
وزیراعظم کو یہ بھی بتایاگیا کہ انسانی سمگلرز کے خلاف مقدمات چلانے کیلئے خصوصی پراسیکیوٹرز کی تقرری کی گئی ہے۔