Monday, 17 March 2025, 04:04:25 pm
 
نوشکی حملہ: 3 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید
March 16, 2025

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے میں تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نوشکی خودکش حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں  حوالدار منظور علی، حوالدار علی بلاول اور نائیک عبد الرحیم شامل ہیں جبکہ سویلین ڈرائیور جلال الدین اور سویلین ڈرائیور محمد نعیم بھی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ جوابی کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں اور جانثار شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔