منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے آج شکرگڑھ کے گاوں پھلواری میں فرنٹیئر کور کے شہید اہلکار اکمل حسین کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
احسن اقبال نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔
انہوں نے جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی اور اسے ظالمانہ فعل قرار دیا۔
احسن اقبال نے ملک میں امن اور سلامتی یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کسی ملک کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے نہیں دی جائے گی۔
احسن اقبال نے حکومت کی اقتصادی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت معاشی اشاریے مثبت رجحانات ظاہر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔