Saturday, 19 April 2025, 03:49:33 pm
 
وزیراعظم کا آئی ٹی برآمدات میں 9 ماہ کے دوران 23 فیصد اضافے کا خیر مقدم
April 18, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے آئی ٹی برآمدات میں تئیس فیصد اضافے کو خوش آئند قراردیا ہے جس کے بعد رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں مجموعی آئی ٹی برآمدات دو ارب اسی کروڑ ڈالر ہوگئی ہیں ۔

انہوں نے آج(جمعہ) ایک بیان میں کہاکہ حکومت کی جانب سے آئی ٹی شعبے کو فوری اور بروقت سہولیات کی فراہمی سے گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں تئیس فیصد اضافہ ہوا۔

وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آئی ٹی برآمد کنندگان نے حکومت کی پالیسیوں سے مستفید ہوتے ہوئے روایتی مارکیٹس کے ساتھ نئی مارکیٹس بھی دریافت کیں۔

انہوں نے آئی ٹی برآمدات میں اضافے کو حکومتی ٹیم کی انتھک کوششوں کا نتیجہ قراردیا ۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت بیرون ملک آئی ٹی خدمات اور آئی ٹی برآمدات میں اضافہ کرکے ماہرین کی تعداد بڑھانے کیلئے کوشاں ہے۔

شہبازشریف نے کہاکہ آئی ٹی شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔