وزیراعظم شہبازشریف نے دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دینے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ وہ کبھی پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کر سکیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں امن وامان سے متعلق اعلی سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے دشمن ہماری اقتصادی کامیابیوں سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے پر تمام متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے مکمل تعاون کرے گی تاکہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبے دہشتگردی کے خلاف بیانیہ پر مل کر کام کررہے ہیں جو حوصلہ افزا ہے۔
انہوں نے تمام باہمی اختلافات بھلا کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ملک کے تمام بڑے شہروں میں سیف سٹی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نیکٹا میں قومی اور صوبائی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کا مرکز قائم کیا گیا ہے۔