Sunday, 08 September 2024, 04:35:22 am
 
یوم الحاق پاکستان،کشمیریوں کا حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد کا عزم
July 19, 2024

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے  جمعہ کو یوم الحاق پاکستان اس تجدید عہد کے ساتھ منایا کہ وہ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے1947ء میں آج کے دن سرینگر میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں الحاق پاکستان کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔

اس موقع پر آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں ریلیاں، سیمینار اور دیگر تقریبات ہوئیں اور مقررین نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

 کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے اپنے الگ الگ بیانات میںاس مقصد کے حصول کے لئے پرامن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ادھر بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں پٹن کے علاقے میر گنڈ میں پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جسکے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

 بھارتی پویس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس سے کئی افرادزخمی ہو گئے ۔ مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر سخت پتھرائو کیا اور آزادی کے حق میں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف نعرے لگائے۔