کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے عالی کدل قتل عام کے شہداء کو آج ان کے اکتیس ویںیوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج نے انیس سو بانوے میں آج کے دن معروف آزادی پسند رہنما شیخ عبدالحمید کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ شہید کردیاتھا۔
لوگوں کی بڑی تعداد نے فاتحہ خوانی کے لیے سرینگر کے علاقے عیدگاہ میں مزار شہداء پرحاضری دی۔
حریت کانفرنس کی قیادت نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری شہدا ء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال عالمی برادری اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںکیلئے چشم کشا ہے۔
ادھر، انڈین نیشنل کانگریس نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو مقبوضہ کشمیر میں غلط پالیسیوں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
جموںوکشمیر سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور قابض فوج کے ہاتھوں اہل خانہ پر تشدد اور انہیں ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوتھ فورم کے ترجمان نصیر احمد وانی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور اہل خانہ کو ہراساں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جبر واستبداد کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزاد ی کو ہرگز دبانہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔