Friday, 03 May 2024, 12:47:34 pm
آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معاہدے کوآئندہ ماہ حتمی شکل دے دی جائے گی،وزیرخزانہ
April 20, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ نئے معاہدے کو آئندہ ماہ حتمی شکل دے دی جائے گی۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ ضروری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی تکمیل کے لئے طویل مدتی قرض کی خواہاں ہے۔وزیر خزانہ نے کہا ہمیں توقع ہے کہ آئی ایم ایف مشن آئندہ ماہ کے وسط تک اسلام آباد میں آئے گا۔انہوں نے کہا آئی ایم ایف سے قرض معاہدے پر اتفاق رائے کے بعد پاکستان بحالی اور پائیداری ٹرسٹ کے تحت اضافی فنڈز کی درخواست کرے گا۔محمد اورنگزیب نے کہا ہمیں ایک مخصوص درجہ بندی ماحول میں واپس آنا ہوگا اور حکومت اگلے مالی سال میں اپنی درجہ بندی میں بہتری کے بارے میں پرامید ہے۔