Wednesday, 23 October 2024, 05:58:57 am
 
نریندر مودی کے دورے کیخلاف کل مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی
June 20, 2024

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے دورے کے خلاف کل پورے مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے۔نریندر مودی کے مقبوضہ کشمیر کے دورے کا مقصد عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی حقیقی صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کوگمراہ کرناہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہڑتال جموں وکشمیر پربھارت کے غیر قانونی تسلط ، کشمیریوں کے سیاسی حقوق کی منسوخی اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کا جواب ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پربھی زوردیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے فوری اقدام کرے جس سے علاقائی امن واستحکام کو خطرہ لاحق ہے اور کشمیری عوام کے شدید مشکلات کاسامناہے۔ادھر نریندمودی کے دورے کے موقع پر سیکورٹی کے نام پر سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ سرینگر شہر ایک فوجی قلعے کا منظرپیش کر رہا ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں بھارتی فوجیوں کو تعینات اورڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمرے جیسے نگرانی کے آلات نصب کئے گئے ہیں۔