Tuesday, 22 April 2025, 12:12:24 am
 
حج انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے،وفاقی وزیر مذہبی اُمور
April 21, 2025

مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر سردار محمد یوسف نے عازمین حج کیلئے تمام ممکنہ انتظامات یقینی بنانے کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں سالانہ حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزارت نے اس سال بھی شاندار انتظامات کئے ہیں اوراس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر حج انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے سعودی عرب کا دورہ کیا جو اﷲ تعالی کے مہمانوں کوسہولت فراہم کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

پاکستان علمائے کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عازمین پر زوردیاکہ وہ سعودی قوانین کی پاسداری کریں۔

ادھر وزیر مذہبی امور نے آج اسلام آباد میں حج معاونین کے اختتامی تربیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اﷲ تعالی کے مہمانوں کو بہترین خدمات کی فراہمی پر زوردیا۔