وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم کی حفاظت کیلئے تعینات پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں واقعہ میں ایک پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہید کانسٹیبل کیلئے مغفرت اور سوگوار خاندان کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے کارکنوں اور ان کے تحفظ پر مامور اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشتگرد انسانیت اور قوم کے دشمن ہیں۔
انہوں نے معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا۔
شہباز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے دبائو میں نہ آئیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔