Sunday, 08 September 2024, 04:34:01 am
 
مودی حکومت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لئے ہیں،حریت کانفرنس
July 21, 2024

کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیریوں سے آزادی اظہار اور سیاسی سرگرمیوں کے حق سمیت تمام حقوق سلب کرلئے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے وحشیانہ فوجی طاقت کے علاوہ ظالمانہ قوانین کا بھی بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔

 ترجمان نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بھارتی فوجیوں کو زمینیں الاٹ کیںاور نئے فوجی کیمپ اور مندر تعمیر کیے جس کا واحد مقصد مسلم اکثریتی جموں و کشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنا ہے۔

ادھر کئی سیاسی وسماجی گروپوں نے جموں میں ایک اجلاس میں دھمکی دی کہ اگر مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کو دیے گئے مزید اختیارات ان سے واپس لینے کا فیصلہ نہ کیا تو وہ بھوک ہڑتال کریں گے۔

سینکڑوں بے روزگار ایگریکلچر گریجویٹس نے سوپور میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر تنقید کی۔