وزیر اطلاعات ونشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے اور سرمایہ کارحکومت کی کامیاب پالیسیوں سے استفادہ کررہے ہیں۔
انہوں نے آج(ہفتہ) لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی برآمدات اور غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے اورریکارڈ سرمایہ کاری دیکھی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے ایک لاکھ پوائنٹس کا ریکارڈ توڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی چار فیصد پر آگئی ہے اورشرح سود بھی کم ہورہی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کار اور دیگر ممالک حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر اعتماد ظاہر کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اقتصادی مشکلات کو حل کیا جارہا ہے اور حکومت عوام سے کیئے گئے وعدے پورے کررہی ہے۔
نو مئی کے پرتشدد واقعے کے بارے میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جناح ہاوس سمیت فوجی تنصیبات پرحملہ کرنے والے پچیس ملزمان کو سزا سنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے وقار کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کو ان کے سرغنوں سمیت گرفتار کرلیا جائے گا۔