Sunday, 23 February 2025, 02:42:59 am
 
وزیراعظم کا ملک بھر میں یکساں ترقی و خوشحالی یقینی بنانے کاعزم
February 22, 2025

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر ملک بھر میں یکساں ترقی وخوشحالی یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے ہفتہ کے روز ڈیرہ غازی خان میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ  ایک سال کے دوران معیشت مستحکم ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ اب ہمارا ہدف زراعت اور صنعت کے شعبوں کو مستحکم کرنا ہے تاکہ برآمدات کو فروغ دیا جائے اور لاکھوں لوگوں کے لئے روز گار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔

وزیراعظم نے مقامی سرائیکی زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا اور نوازشریف کا اس علاقے سے مضبوط تعلق ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ علاقے میں ترقی وخوشحالی کے دور کا آغاز ہوا ہے جس میں نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے امن ناگزیر ہے اور قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

اس موقع پر انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں کینسر ہسپتال کی تعمیر اور راجن پور میں یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔

اس سے قبل وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے سپاسنامے میں کہا کہ وزیراعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تعریف کرنے کیلئے لوگ بڑی تعداد میں اس جلسے میں آئے ہیں۔