صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آج سکائوٹس کے دن کے موقع پر سکائوٹس پر زور دیا ہے کہ وہ خود کو قوم کی خدمت کیلئے وقف کر دیں۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں سکائوٹس پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم، ادبی پروگراموں اور سماجی بہبود کے کاموں میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کو زیادہ سرسبز، متحد اور ترقی یافتہ بنائیں۔ انہوں
نے کہا کہ سیکھنے اور قیادت کرنے کی صلاحیت سے نوجوان سکائوٹس نہ صرف مضبوط افراد بلکہ ایسے ذمہ دار شہری بنیں گے جو ملکی ترقی کیلئے پُرعزم ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ امن اور بحران میں تربیت یافتہ سکائوٹس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ایسے فعال اور اجتماعی پرو گراموں پر عمل کرنا ضروری ہے جن سے نوجوان ذہنی مقابلے کیلئے تیارہوں، ان کے کاموں کو تقویت ملے اور ان کا کردار مضبوط ہو۔
امن کے پیامبر جیسے اقدامات سے سکائوٹس کو ایسا طاقتور پلیٹ فارم حاصل ہوتا ہے جس سے انہیں اتحاد، ہم آہنگی اور بامقصد سماجی کاموں کا موقع ملتا ہے تاکہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔