Sunday, 08 September 2024, 04:32:55 am
 
بھارتی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی ، کشمیری نوجوان شہید
July 22, 2024

 

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع راجوری میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

نوجوان کو علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی تیز تر کارروائیوں کے دوران شہید کیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر، کپواڑہ، بارہمولہ، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، پونچھ، راجوری اور کٹھوعہ کے اضلاع میں بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس، اسپیشل آپریشن گروپ اور ولیج ڈیفنس گارڈزمشترکہ طور پر تشدد آپریشنز کر رہے ہیں۔

ان علاقوں کے مکینوں کا کہناہے کہ ان کی زندگیاں جہنم بن گئی ہیں اور بھارتی فورسز اہلکار روزانہ کی بنیاد پر گھروں میں گھس جاتے ہیں اور خواتین اور بچوں سمیت مکینوںکو سخت ہراساں اور قیمتی گھریلواشیاکی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔

بھارتی فورسز نے رواں ماہ کے دوران 12 کشمیریوں کو شہید اور 20کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے پرتشدد آپریشنز پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں جبر واستبداد کے تمام سابقہ ریکارڑ توڑ دیے ہیں۔

انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔