پاکستان اور ترکیہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور 1967سے پہلے کی سرحدوں پرمشتمل ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے جس کادارالحکومت القدس الشریف ہو۔
رات انقرہ میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے فلسطینی عوام کیلئے غزہ میں انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی پر زور دیا۔
ترک صدر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے لئے ترکیے کی حمایت کا اعادہ کیا اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مستقل موقف کو بھی سراہا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور شمالی قبرص کے عوام کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اپنی دو طرفہ ملاقات کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے، دونوں رہنمائوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے فیصلوں کو موثر اقدامات میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے تجارت، زراعت، توانائی، آبی وسائل، سائنس، تعلیم، بینکنگ، دفاع اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی پچیس یادداشتوں پر بھی دستخط کئے ۔